سبی (پی پی آئی) صرافہ ایسوسی ایشن سبی نے پیر کے روز حکام سے مطالبہ کیا کہ مغوی لڑکے محمد مصور کاکڑ کی بازیابی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ یہ مطالبہ صرافہ ایسوسی ایشن سبی کے زیراہتمام سبی پریس کلب کے باہر ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے افسوس کا اظہار کیا کہ کافی عرصہ گزر جانے کے باوجود مغوی لڑکے محمد مصور کاکڑ کی بازیابی کو یقینی نہیں بنایا جا سکا۔ احتجاجی مظاہرے سے صوبائی جنرل سیکرٹری صرافہ ایسوسی ایشن بلوچستان محمد نعیم رمضان جنرل سیکرٹری صرافہ ایسوسی ایشن سبی محمد اسماعیل قریشی اور دیگر نے خطاب کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مغوی محمد مصور کاکڑ کی بازیابی کے نعرے درج تھے، مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے۔ محمد مصور کاکڑ کی بازیابی کے لیے نعرے لگاتے ہوئے مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔