لاہور(پی پی آئی) ریئر ایڈمرل جواد احمد نے کمانڈر سینٹرل پنجاب کی کمانڈ سنبھال لی۔ کمانڈر سینٹرل پنجاب بہاولپور سے وزیر آباد تک پاک بحریہ کی تمام یونٹس اور تنصیبات کے کمانڈر اور کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج لاہور ہوں گے۔ ریئر ایڈمرل جواد احمد نے 1992 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ انہیں مختلف کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ ہے؛ جس میں وائس چیف آف دی نیول اسٹاف کے پی ایس، کمانڈنگ آفیسر پی این ایس سیف، پاکستان نیوی وار کالج میں بطور ڈائریکٹنگ اسٹاف، ملائشیا میں پاکستان کے ڈیفنس اتاشی، کمانڈر سرفس ٹاسک گروپ 3، کمانڈانٹ پاکستان نیول اکیڈمی، گوادر میں بطور کمانڈر ویسٹ، ہائیڈرو گرافر آف پاکستان، نیول ہیڈ کوارٹرز میں بطور DGC4I اور ڈی سی این ایس ٹریننگ شامل ہیں۔ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز نیوی کے مطابق ریئر ایڈمرل جواد احمد پاکستان نیوی وار کالج لاھور، ڈیفنس کالج بنگلہ دیش اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں۔ آپ کی شاندار پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں آپ کو ہلال امتیاز (ملٹری) سے نوازا جا چکا ہے۔ کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب نیول کمپلیکس والٹن، لاہور میں منعقد کی گئی۔ جہاں سبک دوش ہونے والے کمانڈر سنٹرل پنجاب ریئر ایڈمرل اظہر محمود نے کمانڈ کی ذمہ داریاں نئے تعینات ہونے والے کمانڈر سنٹرل پنجاب کے سپرد کیں۔ ریئر ایڈمرل جواد احمد کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور ہیڈ کوارٹرز کے اسٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف کروایا گیا۔تقریب میں پاک بحریہ کے افسران، سی پی اوز، سیلرز اور پاک بحریہ کے سویلینز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔