لاہور(پی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے بانی پاکستان کے یوم ولادت پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم نے اپنے نظریے اور سوچ سے تاریخ کا رخ بدل دیا اور مسلمانوں کے حقوق کیلئے بے مثال اور انتھک جدوجہد کی۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ بانی پاکستان نے اپنی انتھک جدوجہد سے برصغیر کے مایوس مسلمانوں میں امید کی ایک نئی روح پھونک دی اوران کی لازوال جدوجہد کے نتیجے میں دنیا کے نقشہ پر ایک آزاد مسلمان ریاست کا ظہور ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آج بطور قوم ہمیں اپنا احتساب کر نا چاہیے کہ یہ وہی پاکستان ہے جس کے لئے قائد اعظم محمد علی جناح اور ان کے رفقاء نے انتھک جدوجہد اور اپنی جانوں کی قربانیاں تک پیش کی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اس پاکستان کیلئے جدوجہد اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان شااللہ عمران خان کی جدوجہد رائیگاں نہیں جائے گی اور وہ دن دور نہیں جب قائد اعظم کے پاکستان کے حقیقی تصور کے مطابق پاکستان میں نظام رائج ہوگا جس میں ہر شخص کو اس کے بنیادی حقوق کی ضمانت حاصل ہو گی۔