خیرپور(پی پی آئی)آئی جی پولیس سندھ غلام نبی میمن نے اتوار کی روز پولیس رینج سکھر کا تفصیلی دورہ کیا اور امن و امان کی مجموعی صورتحال سمیت سکھر کے جملہ اضلاع میں جرائم کے خلاف پولیس کارکردگی کا جائزہ لیا اور مذید ضروری ہدایات دیں۔قبل اذیں ڈی آئی جی سکھر اور متعلقہ ضلعی ایس ایس پیز نے آئی جی سندھ کا استقبال کیا جبکہ پولیس کے خصوصی دستے نے انھیں گارڈ آف آنرز/جنرل سلام پیش کیا۔
اجلاس میں ڈی آئی جی سکھر نے اغواء برائے تاوان/ہنی ٹریپ جیسے جرائم کے انسدادی اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے قبائلی تصادم،کچہ ایریاز میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشنز سمیت دیگر سنگین جرائم پر مشتمل سالانہ کارکردگی رپورٹ سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ شہدائے پولیس کے کیسز پر ابتک کی تفتیش اور پیش رفت کو مذید مؤثر بناتے ہوئے ایسے تمام کیسز کے کامیاب منطقی انجام اورحل کرنے سمیت ملوث ملزمان کی گرفتاریوں کو یقینی بنایا جائے۔آئی جی سندھ نے کچہ ایریاز میں ڈاکوؤں کے خلاف پولیس ایکشن، منشیات مافیاز کے خلاف کاروائیوں اور کرائم کنٹرول کے ضمن میں ڈی آئی جی سکھر اور انکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور تعریف کی۔بعداذاں آئی جی سندھ ضلع میں قائم تھانہ آباد گئے جہاں انہوں نے حال ہی میں تعمیر ہونیوالے ماڈل پولیس اسٹیشن آباد کا افتتاح کیا اور مخلتف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے اسٹاف اسٹاف سے ملاقات کی اور مؤثر و مربوط پولیسنگ سے متعلق ضروری ہدایات دیں۔اس موقع پر ایس ایس پی سکھر نے آئی جی سندھ کو ماڈل پولیس سٹیشن آباد کے قیام اور اغراض و مقاصد پر مشتمل تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی سندھ نے ماڈل پولیس اسٹیشن آباد کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ماڈل پولیس اسٹیشن کا مقصد دراصل شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے سمیت پولیسنگ کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنا اور حقیقی معنوں میں عوام دوست اور مددگار بنانا ہے۔علاوہ اذیں انہوں نے کہا کہ اسی طرز پر سکھر کے دیگر تھانوں کو بھی جدید اور ماڈرن تیکنیکس سے آراستہ کرتے ہوئے خوبصورت اور معیاری بنایا جائے گا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سکھر سمیت صوبے میں تھانوں کی حالت بہتر بنانے کے لیئے ساتھ ساتھ جہاں ضرورت ہو گی نئے تھانے بھی ترجیحی بنیادوں پر قائم کیئے جائیں گے۔ آئی جی سندھ فرائض پر مامور ایگل اسکواڈ کے جوانوں سے بھی ملے اور فرائض کی بہتر ادائیگی سے متعلق ہدایات جاری کیں۔ایس ایس پی سکھر کی جانب سے آئی جی سندھ کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی جبکہ موقع پر موجود شہدائے پولیس کے بچوں نے انھیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔