ہرنائی، 30 دسمبر (پی پی آئی) ہرنائی کے علاقہ صدر دو میں بجلی کی بندش کے خلاف ہرنائی کے مکینوں نے پیر کو واپڈا گرڈ سٹیشن ہرنائی میں ریلی نکالی اور احتجاجی مظاہرہ کیا اور ایس ڈی او کیسکو ہرنائی کے تبادلے کا مطالبہ کیا۔اطلاعات کے مطابق ہرنائی کے مختلف علاقوں جن میں کلی شیخان، کلی نازی، کلی چارمین، کلی لنڈی، کلی اسپانی، کلی شور، کلی خدرانی، کلی اربوز، کلی میریانی اور کلی ڈاک شامل ہیں، کے مکینوں نے باچا خان چوک سے ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکامختلف سڑکوں سے ہوتے ہوئے گرڈ اسٹیشن ہرنائی پہنچے جہاں پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے حکام سے مطالبہ کیا کہ بجلی کی بندش ختم کی جائے اور سب ڈویژنل آفیسر کیسکو ہرنائی عطا اللہ بنگلزئی کا تبادلہ کیا جائے۔ مظاہرے سے ملک عزیز اللہ اور دیگر نے خطاب کیا۔ بعد ازاں سیاسی رہنما ملک مہر اللہ ترین نے کیسکو ہرنائی کے حکام کی جانب سے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور شرکاکو یقین دلایا کہ مطالبات تسلیم کیے جائیں گے۔ دو گھنٹے تک احتجاجی مظاہرہ جاری، مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔