کراچی یکم جنوری(پی پی آئی) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پوری قوم کو نئے سال کی مبارک باد دیتے ہوئے اعلان کیا کہ 2025 میں 5 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کے جدید کورسز مفت کرائیں گے جبکہ گورنر اینیشیٹو کوبھی دو گنا بڑھا دیں گے۔گورنرہاوس میں نئے سال کے جشن میں محفل قوالی بھی ہوئی۔تقریب سے بذریعہ وڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے مزید کہا کہ نئے سال کے جشن میں آتش بازی کا عظیم الشان مظاہرہ کرتے ہوئے نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا۔31دسمبر کی شب 12بجتے ہی گورنرہاوس میں 40منٹس سے زائد آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ہزاروں افراد نے اس شاندار جشن کو دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ آئیے عہد کریں نئے سال وطن عزیز کی ترقی کے لئے کام کریں گے۔ہم سب مل کر نئے سال کو خوشیوں کا سال بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے برس روزگار، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سستی بجلی اور پورے صوبہ کی صفائی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس گورنر ہاو س کے دروازے عوام کے لئے کھلے رہے۔ 9 لاکھ راشن بیگز مستحقین میں تقسیم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت 50 ہزار نوجوان آئی ٹی کے جدید کورسز کی مفت تعلیم فراہم کر رہے ہیں جبکہ نوجوانوں کو لیپ ٹاپس، موٹر سائیکلیں، جہیز کا سامان، حج، عمرہ بھی کرائے گئے۔تقریب سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر فاروق ستار اور نسرین جلیل نے بھی خطاب کیا۔