میرپورخاص 02جنوری(پی پی آئی)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون محمد علی بلوچ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو میرپورخاص فیصل سومرو کے ہمراہ ضلع میں ساتویں اور پہلی ڈیجیٹل زراعت شماری کا افتتاح کیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پہلی ڈیجیٹل زراعت شماری کی کامیابی کا دارومدار شمار کنندگان پر ہے انہوں نے شمار کنندگان کو ہدایت کی کہ وہ محنت اور ایمانداری سے اس قومی فریضے کو انجام دیں – اس موقع پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر محکمہ شماریات شاہد منگریو نے بتایا کہ پورے ملک میں یکم جنوری 2025سے 10 فروری 2025 تک زراعت شماری جاری رہے گی اس مقصد کے لئے ضلع میرپورخاص میں ہونے والی زراعت شماری کیلئے ضلع میں 73عملے پر مشتمل ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں اس زراعت شماری میں زرعی زمین، فصل، مویشی اور زرعی مشنری سے متعلق اعدادوشمار کو جمع کیا جائے گا انہوں نے زمینداروں کاشتکاروں اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ زراعت شماری ٹیموں سے تعاون کریں انہوں نے بتایا کہ ہماری جی ڈی پی میں زراعت کا حصہ 24فیصد ہے اور تقریباً 4کروڑ افراد زراعت سے منسلک ہیں – انہوں نے مزید کہا کہ زراعت شماری سے ملک کی زرعی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے میں مدد ملے گی