کراچی 03جنوری(پی پی آئی)کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر جنید نقی نے اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے 11ویں ایپکس کمیٹی اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کراچی کے صنعتکاروں کی جانب سے حکومت اور پاک فوج کے اشتراک کو معیشت کی بحالی اور ترقی کے لیے قابل ستائش قرار دیا۔ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر جنید نقی نے ایک بیان میں “نیشنل اکنامک ٹرانسفورمیشن پلان 2024-2029” المعروف اْڑان پاکستان اور ایس آئی ایف سی کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ اصلاحات اور حکمت عملی ملک کی معیشت کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے اہم ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی معیشت میں استحکام، امن و امان اور ترقی کو یقینی بنانے کے عزم کو سراہا۔ صدر کاٹی نے اسپیشل اکنامک زونز (SEZs) کو بہتر بنانے کے لیے ایکشن پلان کی منظوری کو پاکستان کی صنعتی ترقی کے لیے ایک بڑا قدم قرار دیا اور کہا کہ یہ منصوبہ صنعتی شعبے کو نئی زندگی بخشے گا اور کاروباری طبقے کے لیے مواقع پیدا کرے گا۔ انہوں نے نیشنل منرلز ہارمونائزیشن فریم ورک اور انسانی وسائل کی ترقی (HRD) پر زور دینے جیسے اقدامات کو بھی سراہا، جو کہ عالمی معیار کے مطابق پاکستانی افرادی قوت کو تیار کرنے کے لیے ضروری ہیں۔ جنید نقی نے صوبائی حکومتوں کی جانب سے جاری معاشی اقدامات کی بھی تعریف کی اور قیادت کے تمام سطحوں پر اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مسلسل تعاون اور ایس آئی ایف سی کی حکمت عملی کے تحت رہنمائی ملک کو پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول میں مدد دے گی۔ کاٹی کے صدر نے وزیراعظم کی جانب سے ایس آئی ایف سی، وزارتوں اور متعلقہ اداروں کی کوششوں کو تسلیم کرنے اور 2025 کے لیے ایک ترقی پسند لائحہ عمل طے کرنے پر تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ “کراچی کے صنعتکار حکومت کی ان انقلابی پالیسیوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ اقدامات نہ صرف معیشت کو مستحکم کریں گے بلکہ پاکستان کے عوام کو بھی اس کے ثمرات پہنچائیں گے۔” جنید نقی نے کراچی کی اہمیت کو ایک معاشی مرکز کے طور پر اجاگر کرتے ہوئے حکومت کے وڑن کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے عوامی اور نجی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا اور پالیسی سازوں سے مطالبہ کیا کہ وہ کاروباری برادری کے ساتھ مشاورت جاری رکھیں تاکہ چیلنجز پر قابو پایا جا سکے اور ملک کی معیشت کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لایا جا سکے۔ جنید نقی نے اْڑان پاکستان اور ایس آئی ایف سی کے اقدامات کے لیے کاٹی کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات ملک میں صنعتی اور اقتصادی بحالی کے لیے ایک نیا موڑ ثابت ہوں گے۔