اسلام آباد7 جنوری(پی پی آئی) ملک کے بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری کی سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے ٹھنڈ میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث پارا نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر گیا، دریا، آبشاریں اور جھیلیں جم گئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی نیلم اڑنگ کیل، شاردہ،تاوبٹ، گریس اور جاگراں ویلی میں بھی درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا، وادی لیپہ،داؤ کھن، ریشیاں اور حویلی کے بلند پہاڑوں نے برف کی سفیدچادر اوڑھ رکھی ہے، درجہ حرات منفی ہوگیا۔ اس کے علاوہ مظفرآباد میں شدید دھند، درجہ حرارت 1 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، چکار، گنگا چوٹی، لسڈنہ، تولی پیر، بنجوسہ میں بھی شدید سردی کی لہر برقرار، پیر چناسی سمیت بالائی پہاڑی علاقوں میں کئی مقامات پر پارہ نقطہ انجماد سے گر گیا، بیشتر بالائی علاقوں میں خون جما دینے والی سردی سے لوگوں کو مشکلات سامنا، بیشتر بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بدستور بند کر دی گئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر میں موسم خشک مگر ابر آلود رہنے کا مکان ہے، پارہ نقطہ انجماد سے گرنے کی وجہ سے آبشاریں، جھیلیں جم گئی ہیں جبکہ پانی کی ٹینکیاں پانی کے برف بننے پر پھٹنا شروع ہو گئی ہیں، شدید برفباری والے علاقوں میں لوگ محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ استور میں درجہ حرارت منفی 13، قلات میں منفی 5، کوئٹہ میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک چلا گیا ہے جبکہ استور میں منفی چار اور لہہ میں منفی پانچ ہو گیا ہے،گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے، بلوچستان کے بیشتراضلا ع میں موسم شدید سرد رہنے کی توقع ہے، مری، گلیات اورگرد و نواح میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔۔