لاہور: 08جنوری(پی پی آئی)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت کے بعض لوگ مذاکرات کے حوالے سے پراپیگنڈا اور از خود نتائج مرتب کر رہے ہیں جو انتہائی افسوسناک ہے،بانی پی ٹی آئی عمران خان واضح کر چکے ہیں کہ وہ کسی طرح کی ڈیل نہیں کریں گے،پی ٹی آئی کے نظریاتی کارکنان کاعزم اور حوصلہ بلند ہے وہ کسی طرف سے ہونے والے پراپیگنڈے سے ہرگز متاثر نہیں ہوں گے۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں مذاکرات میں پیشرفت کی بات کی لیکن حکومت کے بعض لوگ اس پر منفی پراپیگنڈا اور بد گمانیاں پھیلا رہے ہیں، اگر حکومتی ذمہ داران مذاکرات میں سنجیدہ ہیں تو انہیں ایسے لوگوں سے ضرور پوچھ گچھ کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت یکطرفہ ٹریفک چلانا چاہتی ہے جو ممکن نہیں، پی ٹی آئی کے کارکنان عمران خان سے والہانہ اور بے غرض محبت کرتے ہیں اور اس کی وجہ عمران خان کی اپنے ملک اور عوام سے غیر متزلزل کمٹمنٹ ہے۔