چھوٹے کاروباری اداروں اور تاجروں کیلئے ماہانہ ریٹرنز فائل کرنا مشکل ہے:سلیم ولی محمد

 کراچی3 فروری (پی پی آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے ایس آر او 552025 کے ذریعے متعارف کرائی گئی ماہانہ اسٹاک اسٹیٹمنٹس، صارف ڈیٹا، پیچیدہ خرید و فروخت اور اسٹاک رپورٹس جمع کرانے کی نئی شرائط آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے تاجروں کے لیے سردرد بن گیا ہے خاص طور پر چھوٹے تاجروں کے لیے پیچیدہ شرائط کو پورا کرنا دشوار ہے۔ یہ بات پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) کے چیئرمین سیلم ولی محمد نے نے ایک بیان میں کہی۔ انھوں نے مزید کہا کہ بزنس کمیونٹی معاشی استحکام کی حامی ہے اور ہر گز ایف بی آر کے اقدامات کی مخالف نہیں تاہم یہ انتہائی ضروری ہے کہ کسی بھی نئے اقدام یا پالیسی نافذ کرنے سے پہلے اس کے بارے میں آگاہی اور شعور ضرور بیدار کیا جائے تاکہ بزنس کمیونٹی اسے بوجھ نہ سمجھے اور اس کی تعمیل میں ایف بی آر کے ساتھ  اپنا تعاون پیش کرسکے۔چیئرمین پی سی ڈی ایم اے کا مزید کہنا تھا کہ ایس آر او 55(i)/2025  کے تحت اسٹاک کی تفصیلات جمع کرانے کی پیچیدہ شرائط سے متعلق آگاہی نہ ہونے سے چھوٹے پیمانے کے کاروباری اداروں اور تاجروں کے لیے بروقت ماہانہ سیلز ٹیکس ریٹرنز فائل کرنا مشکل دکھائی دیتا ہے کیونکہ درآمدکنندگان، تاجر اور ہول سیلرز جوکم منافع کے باعث پیشہ ور اکاؤنٹنٹس یا ٹیکس ماہرین کے اخراجات کا بوجھ ہر گز برداشت نہیں کر سکتے لہٰذا ایف بی آر کو چاہیے کہ وہ تاجر برادری کی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے مذکورہ ایس آر او پر فوری عمل درآمد کے بجائے کچھ وقت دے اور تاجروں کے لیے آگاہی سیشن رکھے جائیں تاکہ وہ شرائط کو باآسانی پورا کرسکیں۔سلیم ولی محمد نے چیئرمین ایف بی آر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پیچیدہ شرائط کو اچانک نافذ کرنے کے بجائے ایف بی آر کو تاجر برادری سمیت اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرنی چاہیے اور باہمی مشاورت سے ایک قابل عمل طریقہ وضع کرنا چاہیے تاکہ اس کی تعمیل باآسانی ممکن بنائی جاسکے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تاجر برادری اور سرکاری ادارے ملک کو ترقی کی طرف لے جانے والی معاشی گاڑی کے پہیے ہیں لہٰذا مل جل کر ہی اس سفر کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے بصورت دیگر معاشی گاڑی کا پہیہ رک جائے گا اور ملک خطیر ریونیو سے محروم ہو جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Next Post

ایمپلائرز فیڈریشن پاکستان نے 54 اسلامی ممالک کیلئے مشترکہ او آئی سی ویزہ کی تجویز پیش کردی

Mon Feb 3 , 2025
کراچی3 فروری (پی پی آئی)ایمپلائر فیڈریشن آف پاکستان (ای ایف پی) کے سابق صدر مجید عزیز نے تمام54 رکن اسلامک ممالک کے لیے ابتدائی طور پر تاجروں کے لیے ایک مشترکہ او آئی سی ویزہ کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا 5 سال، برطانیہ 10سال اور یورپی یونین 5 سال کے لیے ویزہ جاری کرتا ہے مگر […]