کراچی،10مارچ (پی پی آئی)شیعہ علماکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا ہے کہ پاک ایران بارڈر تفتان پر موجود زائرین بحفاظت گھروں کو واپسی کے لیے حکومتی اقدام کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تفتان سے کوئٹہ کا سفر دہشت گردوں کے لیے آسان ہدف رہا ہے، اس لیے زائرین کے قافلے فوری طور پر سیکورٹی حصار میں روانہ کیے جائیں۔شیعہ علماء کونسل صوبہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا کہ ماہ رمضان میں زائرین کی واپسی میں تاخیر ان کی بے چینی میں اضافہ کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ بیس دنوں سے کوئی قافلہ روانہ نہیں کیا جا سکا، جس کے باعث زائرین مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے وزیراعظم اور وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ وہ زائرین کی مشکلات کا فوری نوٹس لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زائرین میں بوڑھے، بیمار افراد اور خواتین بھی شامل ہیں جو گھروں کو واپسی کی منتظر ہیں۔علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا کہ زائرین پہلے ہی طویل سفر کی مشکلات برداشت کر چکے ہیں اور وطن کی سرحد میں داخل ہونے کے بعد فوری واپسی کی امید کر رہے تھے، لیکن کئی ہفتوں سے انتظار کی وجہ سے وہ مزید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسمی سختیوں اور خوراک و ادویات کی کمی کے باعث زائرین بیمار ہو رہے ہیں، لہذا ان کی واپسی کو فوری یقینی بنایا جائے۔
Next Post
ملیرکراچی میں پولیس مقابلہ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار، دوسرا فرار، اسلحہ اور نقد رقم برآمد
Mon Mar 10 , 2025
کراچی،10مارچ (پی پی آئی)تھانہ سکھن کے علاقے روڈ نمبر 12 کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ گرفتار ملزم سے اسلحہ اور نقد رقم برآمد ہوئی، […]
