کراچی کے لیے 25 ارب روپے دیے جائیں تاکہ بڑے ترقیاتی کام ہو سکیں: میئر کراچی

کراچی(پی پی آئی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر وفاقی حکومت قومی اسمبلی کے اراکین کو 25-25 کروڑ روپے دے رہی ہے تو کراچی کے لیے بھی 25 ارب روپے مختص کیے جائیں تاکہ شہر میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام کیے جا سکیں۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی سے مطالبہ کیا کہ وہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کو مضبوط کریں کیونکہ آئین کا آرٹیکل 40-A عوام کے لیے ہے۔ کے ایم سی کے مرکزی دفتر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میں ترقیاتی کام صرف بلدیاتی اداروں کے ذریعے ہی ممکن ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، مختلف سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈران اور یوسیز کے چیئرمین موجود تھے۔  میئر کراچی نے اعلان کیا کہ شہر کی 246 یونین کونسلز (یوسیز) کو رمضان المبارک کے دوران اپنے علاقوں کو روشن کرنے کے لیے 50-50 اسٹریٹ لائٹس دی جا رہی ہیں، جس کے تحت مجموعی طور پر 12,300 اسٹریٹ لائٹس تقسیم کی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ اسٹریٹ لائٹس بغیر کسی امتیاز کے تمام چیئرمینوں کو فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ رمضان میں کراچی کی روشنیاں بحال کی جا سکیں۔  میئر کراچی نے کہا کہ اگر تمام متعلقہ ادارے مل کر کام کریں تو شہر کی صورتحال بہتر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کے ایم سی کی آمدنی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور ایم یو سی ٹی کی مد میں 22 کروڑ روپے ماہانہ کے ایم سی کو مل رہے ہیں، جس سے بلدیہ کی مالی حالت مستحکم ہوئی ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ ہر یوسی کو 5 لاکھ کے بجائے 12 لاکھ روپے ماہانہ دیے جا رہے ہیں اور اس رقم میں مزید اضافہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق، شہر میں ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کے لیے 5 سے 6 ارب روپے کے اسکیموں پر کام جاری ہیمرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا کہ حب ڈیم سے 12.8 ارب روپے کی لاگت سے نئی کینال ڈالی جا رہی ہے، جس سے کراچی میں پانی کی صورتحال بہتر ہوگی۔ مزید برآں، پینے کے پانی کی کوالٹی بہتر بنانے کے لیے 29 مقامات پر کلوریشن سینٹر بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جن میں سے 10 مکمل ہو چکے ہیں اور ان کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Next Post

رمضان میں خون کے عطیات میں شدید کمی، تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا، انیمیا، بلڈ کینسرکے مریضوں کو مشکلات

Mon Mar 10 , 2025
کراچی،10مارچ (پی پی آئی)رمضان کے مہینے میں خون کے عطیات میں شدید کمی کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ چلڈرن اسپتال کراچی کے سربراہ اور ماہرِ امراض خون ڈاکٹر ثاقب حسین انصاری نے بتایا ہے کہ […]