اوکاڑہ،09اپریل (پی پی آئی) اوکاڑہ میں ایک ہی روز میں چھ مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 17 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پہلا حادثہ جرنیلی روڈ نزد پٹرول پمپ پر پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل سلپ ہونے کے باعث دو نوجوان زخمی ہوگئے۔ دوسرے واقعے میں نواحی علاقے 25 ٹو آر سنگوکا کے قریب ایک موٹر سائیکل تیز رفتاری کے باعث ریڑھی سے ٹکرا گئی، جس میں ایک خاتون اور ایک بچہ زخمی ہوئے۔تیسرا حادثہ 49ٹو ایل سٹاپ کے قریب دو رکشوں کے تصادم کی صورت میں پیش آیا، جس میں خاتون سمیت چار افراد زخمی ہوئے۔ چوتھا واقعہ کینال رینالہ روڑ پر موٹر سائیکل اور ریڑھی کی ٹکر سے پیش آیا، جس میں دو افراد شدید زخمی ہوئے۔پانچواں حادثہ نواحی علاقے 18/19ون ایل سٹاپ شیر گڑھ روڈ پر دو موٹر سائیکلوں کی ٹکر سے ہوا، جس میں ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔ چھٹا واقعہ قومی شاہراہ پر میرج ہال کے قریب کار کے ٹائر برسٹ ہونے کے باعث پیش آیا، جس میں رکشہ میں سوار پانچ افراد زخمی ہوئے۔تمام زخمیوں کو ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے بروقت ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں مقامی ہسپتالوں میں منتقل کردیا۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
Next Post
کراچی میں پی ایس ایل میچز کے لئے ٹریفک پولیس نے خصوصی پلان مرتب کرلیا
Wed Apr 9 , 2025
کراچی،09اپریل (پی پی آئی)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن -X 2025 کے میچز 12، 15، 18، 20 اور 21 اپریل کو نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں ہوں گے۔ سر شاہ سلیمان روڈ دونوں اطراف کے روڈ ٹریفک کے لئے کھلے رہیں گے۔ شائقین کرکٹ کے لئے پارکنگ کے لئے […]
