سہنسہ، 17-مئی(پی پی آئی) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے ہونا چاہیے جس میں کشمیری عوام کو بھی شامل کیا جائے۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے مابین ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کیا۔صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ امریکی صدر کی پیشکش نے مسئلہ کشمیر کو ایک بار پھر عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے، جس سے بھارت کا مسئلہ کشمیر کو اندرونی مسئلہ قرار دینے کا دعویٰ بے اثر ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پاک فوج اور پاک فضائیہ نے بھارت کی جنگی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جس پر پوری قوم کو ان کی بہادری پر فخر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی انتہا کر دی ہے اور مودی سرکار ہندوتوا کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہو کر اکھنڈ بھارت کے خواب دیکھ رہی ہے۔ اس موقع پر صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے اصل فریق کشمیری عوام ہیں، اور ان کی مرضی کے مطابق مسئلہ کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔صدر آزاد کشمیر نے عالمی برادری، خاص طور پر امریکہ پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ خطے میں امن کا قیام ممکن ہو سکے۔
Next Post
سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
Sat May 17 , 2025
کراچی، 17مئی (پی پی آئی) عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان میں بھی دیکھنے میں آئے، جہاں فی تولہ 24 قیراط سونے کی قیمت 2,400 روپے اضافے کے ساتھ 338,500 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ یہ اعداد و شمار آل […]
