مہمند ڈیم کی تعمیر میں اہم پیش رفت، مین ڈیم کی تعمیر کا آغاز

اسلام آباد،، 23 مئی (پی پی آئی) واپڈا نے مہمند ڈیم کی تعمیر میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے، پراجیکٹ کے مین ڈیم کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مین ڈیم کی تعمیر سے پہلے دیگر اہم اہداف جیسے ریور ڈائیورشن اور ڈیم فاؤنڈیشن کی کھدائی مکمل کر لی گئی ہیں۔ مہمند ڈیم کی تکمیل 2027 کے آخر تک شیڈول ہے۔مین ڈیم کی تعمیر کے آغاز پر وفاقی وزیر برائے آبی وسائل میاں محمد معین وٹو نے پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر پراجیکٹ ٹیم، کنٹریکٹرز اور کنسلٹنٹس کے پراجیکٹ منیجرز بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے پراجیکٹ کی مختلف سائٹس کا معائنہ کیا جن میں ڈائیورشن سسٹم، پاور انٹیک ٹنل، سپل ویز اور پاور ہاؤس شامل ہیں۔ انہیں منصوبے کی 14 سائٹس پر جاری تعمیراتی کام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وفاقی وزیر نے پراجیکٹ کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پانی اور سستی بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کا مکمل ادراک رکھتی ہے۔ مہمند ڈیم پراجیکٹ خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں دریائے سوات پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ یہ 213 میٹر بلند دنیا کا پانچواں بڑا سی ایف آر ڈی ڈیم ہے۔ پراجیکٹ کی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 1.29 ملین ایکڑ فٹ ہے، جس سے مقامی زمین کو زراعت کے لیے پانی فراہم ہوگا۔

800 میگا واٹ پیداواری صلاحیت کے ساتھ یہ ڈیم نیشنل گرڈ کو سالانہ 2.86 ارب یونٹ ماحول دوست بجلی فراہم کرے گا۔ منصوبہ نہ صرف سیلاب سے بچاؤ میں مدد دے گا بلکہ پشاور کو یومیہ 300 ملین گیلن پینے کا پانی بھی فراہم کرے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Next Post

عمران خان کا اپنی حراست کے دوران سختیوں اور پابندیوں پر تشویش کا اظہار

Fri May 23 , 2025
لاہور، 23 مئی (پی پی آئی) سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی حراست کے دوران سختیوں اور پابندیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں ان کے بچوں اور اہل خانہ سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی اور ان کے معالج کو بھی […]