کراچی (پی پی آئی ویتنام کے تجارتی مشن کی سربراہ نوگین تھ ہا نے کہا ہے کہ پاکستان اور ویتنام اچھے تجارتی تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہیں جیسا کہ تجارتی حجم جو 2005 میں 54 ملین ڈالر تھا، 2021 میں بڑھ کر 794 ملین ڈالر ہو گیا اور یہ بہت جلد ایک ارب ڈالر کی سطح کو عبور کر جائے گاپی پی آئی کے مطابق یہ بات انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریے دورے کے موقع پر اجلاس میں باہمی تعاون، تجارت کو فروغ دینے، ویتنام اور پاکستان کے درمیان دوستی کو مزید مستحکم کے بارے میں خیالات کا تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں کے سی سی آئی کے صدر محمد طارق یوسف، توصیف احمد، محمد حارث اگر، ضیاء العارفین، مجید عزیز بھی شریک تھے۔انہوں نے کہا کہ ویتنام کو پاکستان کی برآمدات کو بہتر بنانے کے لیے وسیع امکانات اور مواقع موجود ہیں جو کہ ویتنام کی مجموعی درآمدات کے ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ ویتنام 1.7 ارب ڈالر مالیت کا چمڑا درآمد کرتا ہے جس میں پاکستان کا برآمدی حصہ محض 1.5 فیصد ہے۔اسی طرح ویتنام تقریباً 3.3 ارب ڈالر کی ادویات کی مصنوعات درآمد کرتا ہے لیکن پاکستان کا برآمدی حصہ صرف 0.25 فیصد ہے جبکہ 638 ملین ڈالر کی اسٹینلیس اسٹیل کی سرجیکل مصنوعات بھی درآمد کی جا رہی ہیں مگر پاکستان کی ان اشیاء کی برآمدات بمشکل 0.18 فیصد ہے۔ویتنام کے تجارتی مشن کی سربراہ نے کراچی چیمبر سے کہا کہ وہ ایک اعلیٰ سطحی تجارتی وفد ویتنام بھیجے تاکہ وہ پاکستان اور ویتنام کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کی راہیں تلاش کرنے کے لیے ویتنام کے سرکاری حکام اور کاروباری تنظیموں کے رہنماؤں سے ملاقات کر سکیں۔اس کے علاوہ کے سی سی آئی کو خریداروں اور فروخت کنندگان کے وفد کو بھی ویتنام میں تجارتی میلوں اور نمائشوں کے دورے کے لیے بھیجنے کے امکان کا جائزہ لینا چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ کراچی میں ویتنام ٹریڈ آفس بھی باقاعدگی سے کراچی چیمبر کی ”مائی کراچی“ انٹرنیشنل نمائش میں شرکت کرتا چلا آرہا ہے اور مستقبل میں بھی اس نمائش میں شرکت جاری رکھنے کا خواہش مند ہے۔
Next Post
ایم کیو ایم کے تحفظات دور کئے جائیں: وزیر اعلیٰ سند ھ کوآصف زرداری کی ہدایت
Fri Dec 2 , 2022
کراچی (پی پی آئی)متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے جس کے بعد آصف علی زرداری وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو وفاق میں حکومتی اتحادی کے تحفظات دور کرنے کا حکم دیا ہے۔ پی پی […]
