لندن(پی پی آ ئی) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ جو شخص خود سر سے پاؤں تک کرپشن میں ملوث ہے وہ دوسروں پر کرپشن کے الزامات لگا رہا ہے،ہمیں مفت میں جلاوطنی اور جیلیں بھگتنا پڑی ہیں، عمران خان کی گرفتاری کا دن بھی جلد آئے گا۔
لندن میں مختلف شخصیات سے ملاقات کے دوران نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سیاستدانوں کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی، میرے خلاف تو ہائی جیکنگ کا کیس بھی بنا گیا تھا، بتائیں کون سی ہائی جیکنگ کی ہے؟۔ پاکستان کی سیاسی قیادت کو بدنام کرنے کے لئے سازش کی گئی تھی، عمران خان پر خود اتنے الزامات ہیں جن کے ثبوت آگئے ہیں، توشہ خانہ کے علاوہ اور بھی بہت سارے کیسز ان کے خلاف ہیں۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ بلین ٹری منصوبہ، القادر ٹرسٹ کیسز کی تفاصیل سامنے آئیں گی اور آ بھی رہی ہیں، لوگوں کے رونگٹے کھڑے ہوں گے، یہ پچاس، 50 ارب روپے کی کرپشن کے کیسز ہیں اور یہاں غریب کو 20 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ نہیں ملتی، پاکستانی قوم کو کہوں گا کہ ان سب چیزوں کی طرف بڑے غور سے دیکھنا اور سمجھنا چاہیے۔قائد مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان، شہزاد اکبر اور ان کی پارٹی کو اپنا سر شرم سے جھکانا چاہیے، پاکستان کو اور پاکستان کے سیاسی لوگوں کو ملک سے اندر اور باہر بدنام کرنے کی کوئی کسر نہیں چھوڑی، اللہ تعالیٰ نے الٹا ان کو جھوٹا ثابت کیا ہے۔ عمران خان نے خیبر پختونخوا میں ایک میٹرو بنائی اور اربوں کا خرچہ کیا گیا،اس پر نیب کیس بھی بن گیا، پاکستان میں عمران خان کے خلاف انکوائریاں چل رہی ہیں،پاکستان میں انکوائریوں کا کام ڈھیلا ڈھالا ہوتا ہے ہفتے کا کام دو سال پر چلا جاتاہے۔
