بی جے پی کی سیاست نفرت کی ہے، امید ہے کہ یہ مٹ جائیگی:پرینکا گاندھی
کانگریس کی کشمیر میں بھارت جوڑا یاترا وقت کی اہم ضرورت ہے:عمر عبد اللہ
سری نگر (پی پی آئی)مقبوضہ جموں و کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں بھارت جوڑو یاترا کی اختتامی تقریب کے بعد کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے میڈیا سے گفتگو میں بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ایک بار پھر بی جے پی کو یاترا نکالنے کا چیلنج دیا۔ راہل نے کہا کہ پی ایم مودی، امیت شاہ اور اجیت ڈوبھال تینوں کشمیریوں کے درد کونہیں سمجھتے ہیں کیونکہ آر ایس ایس والوں نے تشدد نہیں دیکھا، وہ ڈرتے ہیں، بی جے پی کا کوئی لیڈریہاں نہیں آ سکتا، اس لئے نہیں کہ جموں و کشمیر کے لوگ اسے آنے نہیں دیں گے، بلکہ اسلئے لیے کہ وہ ڈرپوک ہیں۔ راہل گاندھی نے کہامیں نے کشمیریوں اور فوجیوں کی طرح اپنے پیاروں کو کھونے کا دکھ جھیلا ہے، مودی-شاہ اس درد کو نہیں سمجھ سکتے۔راہل نے 1984میں اپنی دادی آنجہانی اندرا گا ندھی اور 1992میں اپنے والد آنجہانی راجیو گا ندھی کے قتل کے لمحہ کو یاد کرتے ہوئے جذباتی ہوئے۔کا نگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے کہاکہ تاحال ملک میں جو سیاست چل رہی ہے اس سے ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا، یہ تقسیم اور نفرت کی سیاست ہے، مجھے امید ہے کہ یہ مٹ جائیگی اورصرف محبت ہی سب کو جوڑے گی۔ جموں وکشمیر کے سابق وزیر عمر عبد اللہ نے بھارت جوڑا یاترا کو موجودہ وقت کی ضرورت بتایا۔
