جیل بھرو تحریک کا ایسا جواب دیں گے جو ذہن وگمان میں نہیں ہوگا:رانا ثنااللہ
را ولپنڈی(پی پی آ ئی) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان چاہتا ہے ملک عدم استحکام کا شکار رہے،عمران خان جیل بھروتحریک شروع کرے، ایسا جواب دیں گے جو ان کے ذہن وگمان میں نہیں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کے دوران رانا ثنااللہ نے کہا کہ کنونشن کا انعقاد الیکشن لڑنے کیلئے کیا گیا ہے، مسلم لیگ ن چاہتی ہے انتخابات شفاف ہوں۔ عمران خان ملک میں انتشار پھیلاناچاہتا ہے، وہ جدوجہد کررہا ہے کہ ملک ڈیفالٹ کرے، عمران خان اور حواریوں کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ شیدا ٹلی کہتا ہے کہ ن لیگ الیکشن سے بھاگ رہی ہے، پنڈی کے شیطان دیکھو پنڈی نون لیگ کے ورکرز سے بھرا ہوا ہے۔ راولپنڈی کی دونوں سیٹوں سے پنڈی کے شیطان کو ہرائیں گے۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ جیل بھرو تحریک شروع کرنے والا بنکر میں چھپا بیٹھا ہے، تم جیل بھرو تحریک شروع کرو ایسا جواب دیں گے تمہارے ذہن وگمان میں نہیں ہوگا۔
