راولپنڈی(پی پی آ ئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک معاشی، سیاسی، آئینی، اقتصادی اور عدالتی بحران کے نرغے میں آگیا ہے، اس ہفتے میں سپریم کورٹ کا ہونے والا فیصلہ ملکی حالات کی سمت کا فیصلہ کرے گا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ سپریم کورٹ الیکشن کمیشن کو پیسے ٹرانسفر کرا کر رہی گی، جو سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانے گا وہ اپنے انجام کو پہنچے گا، 90 دن گزر گئے ہیں، نگران حکومتیں ختم ہوگئی ہیں، سپریم کورٹ سارے ملک کو بحران سے نکالے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ وہ پارلیمنٹ جس میں ممبر ہی نہیں آتے اور وہ 85 رکنی غیر قانونی کابینہ عدالت کا خاک مقابلہ کرے گی، عدلیہ اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری اسی ہفتے پوری کرے گی، ساری قوم عدلیہ کے پیچھے کھڑی ہے، پیسے بھی دینے ہوں گے، الیکشن بھی ہوں گے اور انتظامات بھی ہوں گے۔ شیخ رشید نے کہا نے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری پر کوئی اجلاس نہیں ہو رہا، وزیر خزانہ لاپتہ ہیں، وزیر داخلہ اور وزیر قانون عدلیہ کو دھمکیاں دے رہے ہیں، وزرا کے بیانات آرٹیکل 6 کو دعوت دے رہے ہیں۔ عالمی سطح پر پٹرول سستا اور پاکستان میں پٹرول، ایل پی جی 10 روپے مزید مہنگا کر کے حکومت نے عوام کا کچومر نکالا ہے، اب عوام ان کا کچومر نکال دے گی، رواں ہفتے آرپار ہو جائے گا۔