ٹھٹھہ میں المناک حادثے کا ذمہ دار مفرور ٹرک ڈرائیور گرفتار

ٹھٹھہ(پی پی آئی) میں چلیا کے مقام پر ہونے والے ٹرک اور وین کے تصادم کے ذمے دار مفرور ٹرک ڈرائیورمحمد رئیس کو ٹھٹھہ پولیس نے گرفتار کر لیا۔ایس ایس پی ٹھٹھہ عدیل چانڈیو کے مطابق ٹرک ڈرائیور محمد رئیس کے پاس لرننگ لائسنس موجود تھا، ابتدائی تفتیش کے مطابق ٹرک ڈرائیور کی غفلت سے حادثہ پیش آیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹرک کے مالک کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے، نوجوان پکنک منا کر واپس کراچی آرہے تھے کہ حادثے کا شکار ہو گئے۔ایس ایس پی ٹھٹھہ عدیل چانڈیو نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 9 نوجوان آپس میں دوست اور قذافی ٹاون کراچی کے رہائشی ہیں۔حادثے کا شکار تمام افراد کی نمازِ جنازہ اور تدفین کے لیے پولیس ان کے اہلِ خانہ سے رابطہ کر رہی ہے۔پی پی آئی کے مطابق ٹھٹھہ چلیا کے قریب رات گئے مین قومی شاہراہ پر تیز رفتار ٹرک نے ایک وین کو کچل دیاتھا جس کے نتیجے میں قذافی ٹاون کراچی کے 9 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ وین پر سوار 9 افراد تفریح کے لئے کراچی سے کینجھر جھیل اور چلیا بند جارہے تھے۔