راولپنڈی(پی پی آ ئی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہاہے کہ حکومت کااگلا نشانہ لال حویلی ہے لیکن اس کے نتائج کیلئے بھی تیار رہیں،ہائی کورٹ میں کیس جیت چکے ہیں، اکیلا آدمی رہتا ہوں اگر مارا گیا تو8آدمیوں کے نام متعلقہ اداروں کو لکھ کر درخواست وصول کراچکا ہوں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ گھرکابھیدی خاقان عباسی آٹے کی چوری پر20ارب روپے کاحکومت پرالزام لگارہاہے،آٹے کی لائنوں میں 20آدمی مرگئے،بقول خاقان عباسی کے حکومت کی20ارب کی دیہاڑی لگ گئی۔انہوں نے کہا کہ ویزالٰہی کے گھرجوکچھ ہواوہ نگران وزیراعلیٰ کاکیادھراہے، سعودی عرب جاناایک بہانہ ہے اصل میں آصف زردای کی ہدایت پرپرویزالٰہی نشانہ ہے۔سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہاکہ 10مئی تک کٹی کٹانکل آئیگاآرہوجائیگایاپارہوجائیگا، جب دروازے بکتربند گاڑیوں سے توڑیں گے توووٹ بھی تندورمیں پڑیں گے۔شیخ رشید نے کہاکہ مذاکرات سپریم کورٹ کودھوکہ دینے کاایک بہانہ ہے ورنہ ڈنگ ٹپاوپالیسی ہے،10مئی کوآئی ایم ایف کی ایگزیکٹوبورڈکی میٹنگ میں پاکستان ایجنڈے میں نہیں حکمران ریلیف میں اورعوام تکلیف میں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سیاست دشمنی کا رنگ اختیار کرچکی ہے جس کے نتائج سنگین نکلیں گے۔