ای او بی آئی کے4 لاکھ سے زائد بزرگ پنشنرز کوعید تعطیلات میں پنشن جاری

کراچی (پی پی آئی)ایمپلائیز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن (EOBI) نے اپنے چار لاکھ سے زائد بزرگ پنشنرز کو حسب سابق عیدالاضحٰی سے قبل پیشگی طور پر پنشن جاری کردی۔ جن میں بوڑھے، معذور اور بیوگان پنشنرز شامل ہیں۔اس سلسلہ میں ای او بی آئی کے سابق افسر تعلقات عامہ اور ڈائریکٹر سوشل سیفٹی نیٹ پاکستان اسرار ایوبی نے بتایا کہ ای او بی آئی نے ماہ جون کی پنشن کے لئے چار ارب 60 کروڑ روپے سے زائد کی خطیر رقم کی ریکارڈ پنشن جاری کی جبکہ ای او بی آئی کی پنشن کے تقسیم کنندہ بینک الفلاح نے بھی ملک میں طویل تعطیلات اور سالانہ کلوزنگ کے عمل کے باوجود شب و روز محنت کرکے مختصر وقت میں ملک بھر میں پنشن کے اجراکو یقینی بنایا۔اسرار ایوبی نے مزید بتایا کہ آئندہ ماہ سے ای او بی آئی کے پنشنرز کو کم از کم پنشن 8,500 کے بجائے 10,000 روپے ادا کی جائے گی۔ جس کا اعلان حال ہی میں قومی بجٹ میں کیا گیا تھا۔پی پی آئی کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ ملک میں بدترین مہنگائی اور بلند افراط زر کے باعث تنخواہ دار طبقہ کی طرح پنشنرز طبقہ بھی انتہائی بدحالی کا شکار ہے جن کی پنشن میں ساڑھے تین برس طویل عرصہ بعد محض 1500 روپے کے معمولی اضافہ سے ان کی اشک شوئی کسی طرح ممکن نہیں ہے۔ لیکن دوسری جانب ای او بی آئی کوبھی افرادی قوت کی شدید قلت، وفاقی حکومت کی جانب سے 1995 سے میچنگ گرانٹ کی غیر قانونی بندش، 18ویں آئینی ترمیم کی آڑ میں ملک کی آجر برادری کی اکثریت کا ای او بی آئی میں اپنے ملازمین کی رجسٹریشن سے ہر ممکن گریز، رجسٹرڈ اداروں کا اپنے ملازمین کی پنشن کے لئے ای او بی آئی کو موجودہ کم از کم اجرت کے مطابق 1500 روپے ماہانہ کنٹری بیوشن کے ادائیگی کے بجائے من مانے انداز میں قلیل ادائیگی اور بعض ملازمین دشمن آجران کی جانب سے قانونی موشگافیوں کی بنیاد پر ای او بی آئی کے خلاف مختلف عدالتوں میں کیسز، صوبہ سندھ کی جانب سے بدنیتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ای او بی آئی کے قیمتی اثاثہ جات کو ہتھیانے کی بھرپور کوششیں، ای او بی آئی میں سیاسی بنیادوں پر بھرتی شدہ اور بعد ازاں 2014 میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر نکالے گئے 358 جیالے افسران کی بحالی کے لئے ایک سیاسی جماعت کی جانب سے انتظامیہ پر سخت ترین دباؤ اور ہراسمنٹ اور ماضی میں بدعنوان چیئرمین ظفر اقبال گوندل کی جانب سے پنشن فنڈ سے 35 ارب روپے مالیت کی غیر قانونی طور پر خریدی گئیں 18 جائیدادوں کے میگا لینڈ اسکینڈل کی سپریم کورٹ آف پاکستان میں سماعت کا کیس شامل ہیں۔ ان تمام مسائل کی بنا پر ای او بی آئی کو ناقابل تلافی انتظامی اور مالی نقصان پہنچا ہے جس کے ازالہ کے لئے کافی وقت لگے سکتا ہے۔

Next Post

باجوڑ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ، 3 ملک دشمن واصل جہنم

Wed Jun 28 , 2023
باجوڑ (پی پی آئی) باجوڑ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 3 ملک دشمن واصل جہنم ہو گئے۔پی پی آئی کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر باجوڑ کے علاقے قلعہ عنایت میں گذشتہ روز آپریشن کیا۔ دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کو دیکھتے […]