مظفر آباد/آزاد کشمیر(پی پی آئی)دنیا بھر میں منگل 18جولائی کوانصاف کا عالمی دن منایا گیا لیکن مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو انصاف سے مسلسل محروم رکھا جا رہا ہے۔ پی پی آئی کے مطابق عالمی یوم انصاف کے حوالے سے جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں کو بھارت کی جانب سے وحشیانہ مظالم، امتیازی سلوک اور ناانصافی کا سامنا ہے۔ بھارتی فوجی، پیراملٹری فورسزاور پولیس اہلکار، جنہیں کالے قوانین کے تحت استثنیٰ حاصل ہے، حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد کو دبانے کے لئے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا ارتکاب کر رہے ہیں، جو درحقیقت جنگی جرائم ہیں۔ بھارتی فوجیوں کی طرف سے قتل عام، جعلی مقابلے، دوران حراست قتل، گرفتاریاں اور ہراساں کرنا اور بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے اور ریاستی تحقیقاتی ادارے ایس آئی اے کی طرف سے گھروں اور املاک پر قبضہ کرنا مقبوضہ جموں وکشمیرمیں روز کا معمول بن چکا ہے۔