اسلام آباد(پی پی آئی)اسلام آباد کی عدالت نے افواج پاکستان کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس میں عدم حاضری پر رہنما تحریک انصاف شہباز گل کو اشتہاری قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں شہباز گل کی جانب سے سیشن عدالت میں ٹرائل روکنے اور ویڈیو لنک پر حاضری لگانے کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ پی پی آئی کے مطابق عدالت نے شہبازگل کی دونوں درخواستیں مسترد کردیں۔ جج طاہر عباس سپرا نے دوران سماعت ریمارکس دئیے کہ ملزم کے خلاف اشتہاری قرار دینے کارروائی تب ہی منسوخ ہوتی ہے جب ملزم ذاتی طور پر عدالت پیش ہو۔شہباز گل چارہفتوں کا بتا کر ملک سے باہر گئے لیکن اب انہوں نے چالاکیوں سے کام لینا شروع کردیا ہے۔ انہیں ملک سے بھگا دیا گیا ہے۔ وکیل صفائی نے جواب دیا شہباز گل بھاگے نہیں بلکہ بیماری کی وجہ سے بیرون ملک گئے ہیں۔ ایف آئی اے اور نادرا نے شہباز گل کی پراپرٹیز کی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔ عدالت نے عدم حاضری پر شہباز گل کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے اکتیس جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔