او آئی سی مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل کے لیے کردار ادا کرے: صدر آزاد کشمیر

اسلام آباد،7مارچ (پی پی آئی)صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین امت مسلمہ کے مشترکہ مسائل ہیں، جن کے حل کے لیے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کو مزید مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں مسئلہ کشمیر پر آج بھی مؤثر ہیں اور پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں کشمیری عوام کو بھی شامل کیا جانا چاہیے، کیونکہ وہ اس مسئلے کے اصل فریق ہیں۔یہ بات صدر آزاد کشمیر نے ایوان صدر، کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں اسلامی ممالک کے سفیروں کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر کے دوران کہی۔ افطار ڈنر میں ترکی، ایران، ترک سائپرس، آذربائیجان، تاجکستان، سوڈان، بحرین، لیبیا، افغانستان، ازبکستان، کویت، انڈونیشیا، شام، نائیجریا، کرغستان، بنگلہ دیش، عراق، ملائیشیا، لبنان، صومالیہ، برونائی دارالسلام اور ترکمانستان کے سفیروں اور سفارت کاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ناروے اور آسٹریا کے سفیروں نے بھی رمضان المبارک سے یکجہتی کے طور پر شرکت کی۔صدر آزاد کشمیر نے اسلامی ممالک کے سفیروں کو مقبوضہ کشمیر کی 5 اگست 2019 کے بعد کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا اور کہا کہ بھارت نے وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام مشکل حالات کا سامنا کر رہے ہیں، اس لیے بین الاقوامی برادری بالخصوص امت مسلمہ کو اس مسئلے کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہییں۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کا باہمی گٹھ جوڑ موجود ہے اور دونوں کے توسیع پسندانہ عزائم ہیں۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جبکہ اسرائیل فلسطین میں مسلمانوں پر مظالم کر رہا ہے، اس لیے اسلامی ممالک کو اجتماعی اور انفرادی طور پر اس کے خلاف مؤثر آواز بلند کرنی چاہیے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ خواتین کی عصمت دری، پیلٹ گن کے ذریعے نوجوانوں اور بچوں کی بینائی چھیننا، حریت قیادت کی گرفتاری اور مذہبی آزادی پر قدغن جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خودارادیت مل سکے۔افطار ڈنر میں شریک اسلامی ممالک کے سفیروں نے صدر آزاد کشمیر کو مسئلہ کشمیر پر اپنی حمایت کا یقین دلایا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Next Post

گلستان جوہر سے جعلساز گروہ کا سرغنہ گرفتار,دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے

Fri Mar 7 , 2025
کراچی،7مارچ (پی پی آئی)پاکستان رینجرز (سندھ) اور ایف آئی اے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گلستان جوہر سے جعلسازی اور نوسر بازی میں ملوث گروہ کے اہم ملزم ہارون لطیف مغل عرف راجہ کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے حساس اداروں کے جعلی لیٹرز، جعلی این او […]