معیشت احتجاج کی متحمل نہیں ہوسکتی،صنعتکاروں نے میثاق معیشت کا مطالبہکردیا سعودی شہزادے کے دورے پر اتحاد کا مظاہرہ کیا جائے،پاک فوج کیخلاف مہم قبول نہیں: فراز الرحمان خالد تواب، زبیر چھایا، احمد چنائے، جمیل پراچہ، شرجیل گوپلانی دیگرکا مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

کراچی (پی پی آئی) کراچی کے صنعتکاروں و تاجروں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے میثاق معیشت کا مطالبہ کردیا۔ کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر فراز الرحمان نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف مزموم سازش کے تحت مہم چلائی جا رہی ہے۔ جبکہ عالمی معاشی بحران کے باعث پاکستانی معیشت پہلے ہی مشکلات سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سالمیت اولین ترجیح ہے، بزنس کمیونٹی نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر قربانیاں دی ہیں۔ دنیا میں اب جنگ کے ذریعے ملکوں کو تابع نہیں کیا جاتا بلکہ ففتھ جنریشن وار کے ذریعے کسی بھی ملک کو معاشی طور پر غیر مستحکم کرنے کی سازش کی جاتی ہے۔ اسی طرز پر موجودہ حالات میں پاک فوج کے خلاف مہم سے دشمن ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانا چاہتا ہے۔ فراز الرحمان نے کہا کہ معیشت دھرنوں اور احتجاج کی متحمل نہیں ہوسکتی۔صدر کاٹی نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر میثاق معیشت کا اعلان کیا جائے تاکہ ملک معاشی طور پر مستحکم ہو۔ یو بی جی سندھ ریجن کے چیئرمین خالد تواب نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان جلد پاکستان کا دورہ کرنے والے ہیں، ان کے دورے سے قبل ملک کے سیاسی اور معاشی حالات مستحکم کرنا ہوں گے ورنہ پاکستان کی عالمی سطح پر رسوائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے میں پاک فوج کا بہت اہم کردار ہے۔ خالد تواب نے کہا کہ بزنس کمیونٹی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 سے 20 سال کیلئے میثاق معیشت کی جائے جس پر تمام سیاسی جماعتیں عمل پیرا ہوں۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ڈائریکٹر احمد چنائے نے کہا کہ پاکستان کوعدم استحکام کی بہت بڑی قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے۔ احتجاج کرنا ہر کسی کا حق ہے لیکن ملکی معیشت کو داؤ پر لگا پر احتجاج کرنے سے پاکستان کی سالمیت کو خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام سیاسی جماعتیں اور اسٹیک ہولڈرز ایک میز پر بیٹھ کر مفاہمت سے مسائل کا حل نکالیں تاکہ ملکی معیشت کو نقصان نہ پہنچے۔ کائیٹ لمیٹڈ کے سی ای او زبیر چھایا نے کہا کہ عالمی معاشی بحران سے دنیا پہلے ہی مشکل حالات سے نبردآزما تھی۔ پاکستان معاشی طور پر اتنا مستحکم نہیں تھا کہ اس بحران کو برداشت کر سکے۔ یہی وجہ ہے کہ ملکی معیشت تنزلی کا شکار ہے، صنعتیں بند ہو رہی ہیں، ملک میں گیس کی قلت ہے بجلی مناسب قیمت پر دستیاب نہیں۔ پاکستان ایک ایٹمی ملک ہیاور دشمن کی سازش سے ملک کی سالمیت اور بقاء کو شدید خطرات لاحق ہیں۔دشمن کے مزموم مقاصد میں صرف پاک فوج ہی ایک رکاوٹ ہے جو پاکستان کا دفاع کرنا جانتی ہے۔ اس موقع پر فیڈرل بی ایریا ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسڑی (فباٹی) کے رہنما چوہدری سہیل، سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل پراچہ، کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین شرجیل گوپلانی سمیت دیگر ٹاؤن ایسو سی ایشنز اور اسمال ٹریڈرز نے کہا کہ ملکی معیشت وینٹلیٹر پر آگئی ہے، معاشی بحران سے مشکلات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ ایسے میں ملک میں معاشی ایمرجنسی نافذ کی جائے۔ پاک فوج ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ پاک فوج کے خلاف مہم برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر پاک فوج کی حمایت اور اظہار یکجہتی کیلئیپر امن مظاہرہ کرے گی جس میں بزنس کمیونٹی پاک فوج سے محبت کااظہار کرے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز ایک میز پر بیٹھ کر مشاورت اور برادشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی سالمیت کو ترجیح دیتے ہوئے اپنے تمام اختلافات بھلا کر ملکی مفاد میں متحد ہوں اور دشمن کی سازش کو ناکام بناتے ہوئے میثاق معیشت پر عملدرآمد کریں۔ پاکستان کیلئے طویل المدتی معاشی پالیسی ناگزیر ہے ورنہ پاکستان کا حال بھی سری لنکا، لیبیا، شام اور عراق جیسا نہ ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ملکی سالمیت اور بقاء کیلئے ہر موڑ پر پاک فوج کا ساتھ دے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Next Post

شہرام ترکئی کے چچا اقبال بلند کی پی ٹی آئی رکنیت معطل

Fri Nov 11 , 2022
پشاور (پی پی آئی) خیبرپختونخوا کے وزیر تعلیم شہرام ترکئی کے چچا اقبال بلند کی پی ٹی آئی رکنیت معطل کردی گئی، اقبال بلند نے گذشتہ دنوں صوبائی وزرا شہرام ترکئی اور کامران بنگش کی موجودگی میں پی ٹی آئی کے خلاف نعرہ بازی کی تھی۔ پی ٹی آئی کے […]