حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی اورمسلمہ حق ہے:ڈاکٹر محمد مشتاق خان

قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے:وزیراعظم

ریاستی اداروں کیخلاف پروپیگنڈہ مہم کی تحقیقات کیلئے پانچ رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل

ٹانک میں سیکورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائی، 4 دہشتگردہلاک

امید ہے جماعت اسلامی کی قیادت سے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہونگے:تارڑ

پنجاب بھر میں سی ٹی ڈی کی کارروائیاں،38دہشتگرد گرفتار

تازہ ترین خبریں

اشتہار

تازہ ترین

تلاش کریں

حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی اورمسلمہ حق ہے:ڈاکٹر محمد مشتاق خان

اسلام آباد (پی پی آئی)جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیرکے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا ہے کہ حق خودا ردیت کشمیری عوام کا بنیادی اور مسلمہ حق ہے جسے دنیا کے انصاف پسند اور جمہوری حلقوں نے تسلیم کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد مشتاق خان نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں کشمیری صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خود مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں لیکر گیا تھااور پوری دنیا کو گواہ بناکر کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیاتھا لیکن 77برس گزرنے کے باوجود کشمیری عوام حق خود ارادیت کے حصول کیلئے جدوجہدجاری رکھے ہوئے ہیں اورقربانیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت روز اول سے مکاری اور چالبازیوں سے کام لیتا رہا۔امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ بیس کیمپ نے بھی وہ کردار ادا نہیں کیا جو ا سے کرنا چاہیے تھا جبکہ اقوام متحدہ بھی اپنی قراردادوں پر عملدرآمدکرانے میں ناکام رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت 05اگست2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت پر حملہ آور ہوا اور بھارتی آئین کی دو اہم شقیں 370اور 35اے ختم کردیں۔لاکھوں غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل فراہم کرنے کے علاوہ کشمیری عوام کی جائیدادو املاک اور رہائشی مکانات پر قبضہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔اہل کشمیر پر تاریخ کا بدترین فوجی محاصرہ مسلط کیا گیا لیکن مثبت پہلو یہ ہے کہ کشمیری عوام نے بھارت کے سامنے سرینڈر کرنے سے انکار کردیاہے۔انہوں نے کہا کہ آج وادی کشمیر کے ساتھ ساتھ جموں خطے کے ڈوڈہ،کٹھوعہ،سانبہ،پونچھ، راجوری اوردیگر علاقوں میں لوگ ایک بار پھراٹھ کھڑے ہوئے ہیں جو مودی کیلئے پیغام ہے کہ تمہارے دس لاکھ فوجیوں اور جابرانہ اقدامات کے باوجود ہم آزادی کی جدوجہد سے دستبردارنہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا آنے والے دنوں میں مودی کو مزید سرپرائز ملیں گے۔محمد مشتاق خان نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں تعینات بھارتی افواج کو ماورائے عدالت قتل،خواتین کی آبروریزی اور بربریت کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔انہوں نے کشمیر صحافیوں کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی آزاد کشمیر اور جماعت اسلامی پاکستان شروع دن سے تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے یکسو ہیں۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان و آزاد کشمیر مسئلہ کشمیر کو نہ تو دفن ہونے دے گی اور نہ کسی کو کھلواڑ کرنے کی اجازت دے گی۔انہوں نے کہا کہ سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے دورہ مظفر آباد کے موقع پر جو تجاویز میں نے پیش کیں انہیں آزاد کشمیر کی تما م سیاسی جماعتوں کے سربراہاں کے علاوہ کل جماعتی حریت کانفرنس نے سراہا ہے،جن میں اہم تجویز یہ تھی کہ مسئلہ کشمیر پر نائب وزیر خارجہ کا تقرر عمل میں لایا جائے جو آر پار کشمیری قیادت کیساتھ رابطے کے پل کا کردار ادا کرسکے۔

مزید پڑھیں

قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے:وزیراعظم

اسلام آباد (پی پی آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹانک میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو سراہا ہے۔کارروائی کے دوران چار دہشت گردمارے گئے۔ایک بیان میں وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ساری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے۔

مزید پڑھیں

ریاستی اداروں کیخلاف پروپیگنڈہ مہم کی تحقیقات کیلئے پانچ رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل

اسلام آباد (پی پی آئی)وفاقی حکومت نے ریاستی اداروں کے خلاف جاری پروپیگنڈہ مہم کی تحقیقات کیلئے پانچ رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے۔آئی جی اسلام آباد پولیس مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی کریں گے۔مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ملزمان اور ان کے ساتھیوں کے منظم مقاصد کی تحقیقات کریگی جنہوں نے سوشل میڈیا پر مذموم مہم کے ذریعے ملک میں انتشار اور افراتفری پیدا کی ہے۔مشترکہ تحقیقاتی ٹیم مروجہ قوانین کے مطابق مجرموں کی شناخت کر کے ان کے خلاف کارروائی بھی کریگی۔

مزید پڑھیں

ٹانک میں سیکورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائی، 4 دہشتگردہلاک

ٹانک (پی پی آئی)ٹانک میں سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی مشترکہ کارروائی کے دوران چار خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ کارروائی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا یہ دہشتگرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں سمیت اغواء اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔علاقے سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے کیلئے یہ کارروائی کی گئی اور پاکستان کی سیکورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔

مزید پڑھیں

امید ہے جماعت اسلامی کی قیادت سے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہونگے:تارڑ

اسلام آباد (پی پی آئی)اطلاعات و نشریات کے وزیرعطاء اللہ تارڑ نے حکومتی وفد کے ہمراہ لیاقت باغ راولپنڈی میں دھرنا دینے والے جماعت اسلامی کے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کئے ہیں۔مذاکرات دوستانہ ماحول میں ہوئے جس کے بعد جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے لیاقت بلوچ کی سربراہی میں مذاکراتی کمیٹی کا اعلان کیا۔فریقین نے جماعت اسلامی کے مطالبات پر غور کیلئے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی کی قیادت سے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہونگے۔

مزید پڑھیں

پنجاب بھر میں سی ٹی ڈی کی کارروائیاں،38دہشتگرد گرفتار

لاہور (پی پی آئی)پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے رواں ماہ کے دوران صوبے کے مختلف شہروں میں خفیہ اطلاعات پر چارسو انچاس کارروائیوں میں اڑتیس دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔محکمہ انسداد دہشت گردی کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں لاہور، رحیم یارخان، نارووال، راولپنڈی اورملتان میں کی گئیں۔

مزید پڑھیں