یہ بھی سچ ہے کہ دوسرے مذاہب کے لوگوں کوبھی ماضی میں اسی طرح قتل کیا گیا ہے
ہلاکتوں کی جھوٹی داستان پھیلائی گئی ، پنڈتوں کے تحفظ اور بحالی کا کام جاری ہے
جموں (پی پی آئی)مقبوضہ جموں کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ دہشت گردی سے وادی میں قیام پزیر ہر مذہب کے لوگ متاثر ہوئے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق انہوں نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کے قتل کو ملک میں مذہبی بنیادوں پر دیکھا جانا بند ہونا چاہئے، کیونکہ وادی کشمیر میں دیگر مذاہب کے لوگوں کا بھی قتل کیا گیا ہے۔ ایل جی نے کہا کہ پنڈتوں کو قتل کرنے کے کچھ افسوسناک واقعات پیش آئے ہیں، لیکن یہ بھی سچ ہیکہ دوسرے مذاہب کے لوگوں کا بھی ماضی میں اسی طرح قتل کیا گیا ہے۔ منوج سہا نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ کشمیری پنڈتوں کے قتل کو ملک میں مذہب کے نام پر نہیں دیکھا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ان ہلاکتوں پرجھوٹی داستان پھیلائی جارہی ہے۔ لیفٹننٹ گورنر نے کہا کہ کشیری پنڈتوں کو تحفظ فراہم کرنے اور ان کی بحالی کا کام جاری ہے اور ملازمین کی رہائش کا بھی بندوبست کیا جارہا ہے۔ لیفٹننٹ گورنر کے ایسے بیانات سے پوری کشمیری پنڈت برادری میں حیرانی پائی جارہی ہے۔