بینکاری نظام کو شریعت کے مطابق لانا بڑا چیلنج خواہش ہے جتنا جلدی ہو سکے سود کا خاتمہ کریں
کراچی(پی پی آئی)وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ مہنگائی اور ایل سیز کا مسئلہ گزشتہ حکومت کی بد انتظامی کا نتیجہ ہے،بینکاری نظام کو شریعت کے مطابق لانا بڑا چیلنج ہے،میری خواہش ہے جتنا جلدی ہو سکے سود کا خاتمہ کریں۔میڈیا ذا ئع کے مطابق نیشنل اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاکہ اسلامی نظام معیشت میرے دل کے بہت قریب ہے، خواہش ہے کہ جتنی جلدی ہوسکے ملک میں سودی نظام کا خاتمہ کریں، نیک عمل کے لیے ہماری کوششیں کامیاب ہوں گی،فورم سودی نظام کے خاتمے کیلئے سود مند ہوگا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ سب کوشش کریں تو اسلامک بینکنگ نظام لانے میں کامیاب ہوں گے، سودی نظام رائج کرنے سے متعلق فیصلے کے خلاف بینکوں نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی، ہم نے اقتدار میں آکر اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک کو ہدایت کی کہ اپیل واپس لیں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ 17-2016 میں پاکستان ترقی کررہا تھا، پاکستان کی شرح نمو 6 فیصد پر تھی اور دنیا میں 24ویں بڑی معیشت تھا لیکن آج ہم نیچے آکر دنیا کی 47 ویں معیشت ہیں۔ یہ 5 سال کے تجربوں کا اثر ہے، مہنگائی اور ایل سیز کا مسئلہ بد انتظامی کا نتیجہ ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم سب کو مل کر ملک کو مشکلات سے نکالنا اور ترقی کی راہ سے نکالنا ہوگا۔
