کراچی (پی پی آئی)سندھ ہائی کورٹ کے حکم کے بعد پولیس نے کیماڑی میں 18 اموات کے مقدمات درج کرلئے ہیں نیزمبینہ طور پر زہریلی گیس خارج کرنے والی 5 فیکٹریوں کو سیل کردیا اور عدالت سے متاثرین کی قبر کشائی کی اجازت دینے کی درخواست کردی۔تفتیش کاروں نے بتایا کہ آئی جی نے ڈی آئی جی جنوبی عرفان علی بلوچ کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کردی ہے جو ہائی کورٹ کی ہدایات کے مطابق معاملے کی تحقیقات کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کے ورثا کی شکایات پر علی محمد گوٹھ اور اس کے آس پاس کے علاقے میں کام کرنے والی فیکٹریوں اور صنعتی یونٹس کے مالکان کے خلاف 10 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔پی پی آئی کے مطابق شکایت گزاروں خادم حسین، میر حسن، شکور احمد، محمد حسن، شبیر احمد، عبدالوہاب، ریاض احمد، وزیر احمد اور غلام قادر نے موچکو پولیس تھانے میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 322، 384 اور 34 کے تحت مقدمات درج کرائے۔تفتیش کاروں کا کہنا تھا کہ پولیس ٹیم نے 5 فیکٹریوں اور صنعتی یونٹس کو سیل بھی کردیا ہے۔دریں اثنا ایک فیکٹری مالک کے خلاف مقدمے کے تفتیشی افسر ڈی ایس پی سلیم شاہ نے جوڈیشل مجسٹریٹ (مغربی) کے سامنے ایک درخواست دائر کی جس میں مقتولین کی قبر کشائی کی اجازت مانگی گئی تاکہ ان کی موت کی اصل وجہ کا پتا لگانے کے لیے پوسٹ مارٹم کرایا جا سکے۔کیوں کہ قانونی ورثا نے متاثرہ افراد کی لاشیں، جن میں تقریباً 16 بچے بھی شامل تھے، طبی اور قانونی تقاضے پورے کیے بغیر دفن کر دیا تھا جو کہ تفتیش مکمل کرنے کے لیے ضروری تھا۔۔مجسٹریٹ نے متاثرین کے قانونی ورثا یعنی شکایت کنندگان کو نوٹس جاری کیا کہ عدالت میں حاضر ہوں تاکہ وہ متاثرین کی لاشیں نکالنے کے لیے اپنی رضامندی ریکارڈ کرائیں۔
Next Post
جڑواں شہروں میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، 2 انتہائی مطلوب دہشتگرد گرفتار
Thu Feb 9 , 2023
راولپنڈی(پی پی آئی)کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے جڑواں شہروں میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیااورکالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 2 انتہائی مطلوب دہشتگرد گرفتارکرلئے۔پی پی آئی کے مطابق سی ٹی ڈی کاکہناہے کہ دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان کے حاجی فقیر گروپ […]
