محمود ساغر کی طرف سے یاسمین راجہ اور زمردوہ حبیب کے گھروں پر بھارتی پولیس کے چھاپوں کی مذمت

مظفرآباد/سری نگر(پی پی آ ئی)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ نے بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی پولیس کی طرف سے کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنماؤں یاسمین راجہ اور زمرودہ حبیب کے گھروں پر چھاپے اور اہلخانہ کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیر میڈیا کے مطا بق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے اپنے بیان میں بھارتی پولیس کی اس کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ خواتین حریت رہنماؤں کے خلاف بھارتی پولیس کی اس طرح کی انتقامی کارروائیاں انتہائی افسوسناک ہیں۔محمود ساغرنے حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کو بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قراردیتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت گرفتاریوں کو جموں و کشمیر میں اختلاف رائے کو دبانے کیلئے ایک ہتھیار کے طورپر استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے کشمیری عوام پر زور دیا کہ وہ اس نازک دور میں ہوشیار رہیں اور دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق پیدا کریں، بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے تک رسائی نہ دیکر انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کیخلاف باضابطہ مہم جاری رکھی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پرزوردیا کہ وہ کشمیری حریت رہنماؤں کی فوری رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھائیں۔خیا ل رہے کہ بھارتی پولیس نے سرینگر میں یاسمین راجہ اور زمرودہ حبیب کے گھروں پر چھاپے مار کر توڑ پھوڑ کی تھی اور اہلخانہ کو ہراساں کرنے کے علاوہ مکانوں کی رجسٹریاں اور پارٹی لیٹر ہیڈ سمیت اہم دستاویزات قبضے میں لے لئے تھے۔

Next Post

کارسرکار میں مداخلت، شبلی فراز کے خلاف مقدمہ درج

Tue Mar 7 , 2023
لاہور (پی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو وارنٹ گرفتاری موصول کروانے کیلئے لاہور آنیوالی اسلام آباد پولیس نے سینیٹر شبلی فراز سمیت ڈیڑھ سو نامعلوم کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔میڈیا ذرا ئع کے مطابق مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ اسلام آباد ندیم طاہر کی مدعیت میں تھانہ ریس کورس لاہور میں درج […]