جس کے ساتھ عوام ہوں اسے بیساکھیوں کی ضرورت نہیں: عمران خان
لاہور(پی پی آ ئی) پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ملک میں صرف انتخابات کا انعقاد چاہتی ہے اور اس کے لیے ہم کسی سے بھی بات کرنے کو تیار ہیں تاہم بیساکھیوں کی ضرورت نہیں۔بی بی سی اردو کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں سیاسی آدمی ہوں میں سب سے بات کروں گا سوائے چوروں کے۔عمران حان نے واضح کیا کہ انھوں نے کبھی نہ آرمی چیف کو بات کرنے کی دعوت دی ہے اورنہ وزیر اعظم شہباز شریف کو۔ایک سوال کے جواب عمران خان کا کہنا تھا کہ ’یہ بیان چل رہے ہے کہ میں آرمی چیف سے بات کرنا چاہتا ہوں تو مجھے اسٹیبلشمنٹ کی ضرورت نہیں،جس کے ساتھ ملک کے عوام ہوں تو اسے بیساکھیوں کی ضرورت نہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے 90 دن میں الیکشن کروانے کا حکم دیا۔ صدر نے بھی اعلان کردیا لیکن ’ہم انتخابی ریلی کرتے ہیں تو پولیس آ جاتی ہے، گاڑیاں توڑیں گئیں، واٹر کینن ہوا، لوگوں کو گرفتار کیا۔ نگران حکومت کا کام ہوتا ہے انتخابات کروانا۔ یہ کیسے روک سکتے ہیں،اگر الیکشن کروانا ہیں تو انتخابی مہم اور ریلی کے بغیر الیکشن کیسے ہوتے ہیں؟۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ’یہ انتشار چاہتے تھے۔ ہم چاہتے تو رات تک لڑائی چلتی رہتی لیکن ہم ان کو موقع نہیں دینا چاہتے کہ یہ انتشار کو وجہ بنا کر الیکشن سے نکل جائیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ابھی تک ہر قسم کا بہانہ دیا جا رہا ہے کہ کیوں الیکشن نہیں ہونا چاہیے۔ مجھے ڈر ہے کہ یہ کسی بڑی شخصیت کا قتل کروا دیں گے جیسے بینظیربھٹو کا ہواان کی کوشش ہے کہ کسی طرح الیکشن سے نکلیں۔یہ چاہتے ہیں میں ڈس کوالیفائی ہوں جاؤں یا جیل چلا جاؤں اور یہ الیکشن جیت جائیں۔
