اسلاموفوبیا سے نمٹنے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے: بلاول بھٹو

نیویارک(پی پی آ ئی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں نئی فاشسٹ پالیسیوں کے تحت مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، اسلاموفوبیا کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسلاموفوبیا سے نمٹنے کیلئے عالمی دن کی یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اسلاموفوبیا آج کے دورکا ایک اہم مسئلہ ہے، اسلام امن اور رواداری کا دین ہے، اسلاموفوبیا کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں، اسلام کو بدقسمتی سے دہشت گردی کے ساتھ جوڑا جاتا رہا، دنیا میں منظم طریقے سے مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلائی جا رہی ہے، مسلمانوں کو مذہب کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے، کرائسٹ چرچ جیسے واقعات سے پتا چلتا ہے کہ اسلاموفوبیا دنیا میں پھیل رہا ہے، حجاب جیسے معاملات کو سیاست میں لانے کا مقصد اسلام کو نشانہ بنانا ہے۔علاوہ ازیں نیو یارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مسلم دنیا اورعالمی برادری کو خواتین کے حقوق کے لیے بھی آواز اٹھانی چاہیے، خواتین کے حقوق کے حوالے سے مسلم دنیا کا موقف یکساں ہے، خواتین کو حقوق کی فراہمی میں درپیش چیلنجز سے مل کر نمٹنے کی ضرورت ہے، کشمیر اور فلسطین کے عوام اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب اور ایران کو اپنے سفارتی تعلقات ازسرنو بحال کرنے چاہیں، چین نے ایران اورسعودی عرب تعلقات کی بحالی میں لیڈرشپ کا رول ادا کیا، چین کے صدر کی یہ تاریخی کامیابی ہے، پرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔

Next Post

پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پورکی ایک اور آڈیو سامنے آگئی

Sat Mar 11 , 2023
لاہور(پی پی آ ئی) تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور کی ایک اور آڈیو سامنے آگئی۔آڈیو میں علی امین گنڈاپور نے اپنی جماعت کے ایک مقامی رہنما داؤد آفریدی کو کارکنوں کے ساتھ زمان پارک پہنچنے کی ہدایت کی۔آڈیو میں علی امین گنڈاپور یہ کہتے سنائی دئیے کہ […]