لکی مروت میں سکیورٹی فورسز اور عوام نے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا

لکی مروت(پی پی آئی) صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقہ لکی مروت میں سکیورٹی فورسز اور عوام نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لکی مروت سے ملحقہ علاقہ احمدزئی میں دہشت گردوں نے پولیس پوسٹ پر حملہ کیا، احمدزئی پوسٹ پر تعینات پولیس اہلکاروں نے سات سے آٹھ دہشت گردوں کی نشاندہی کی جو لکی مروت اور ملحقہ علاقوں میں دہشت گرد کاروائیوں کی غرض سے نقل وحرکت کر رہے تھے، پولیس اہلکاروں نے ان دہشت گردوں کو فوری نشانہ بنایا، فائرنگ کی آواز سن کر علاقہ کی عوام پولیس کی مدد کو پہنچ گئی جس پر دہشت گرد فرار ہوگئے۔ادھر سکیورٹی فورسز کی جانب سے وزیرستان اور ڈی آئی خان میں آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک اور ایک سپاہی شہید ہوگئے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات علامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا گیا جہاں 2 دہشت گرد مارے گئے جب کہ تیسرا دہشت گرد جنوبی وزیرستان کے علاقے کوٹ اعظم میں آپریشن کے دوران ہلاک ہوا، مارے جانے والے دہشت گردوں سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، یہ دہشت گرد فورسز اور عام شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر سے معلوم ہوا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے گھریوم میں بارودی مواد پھٹنے سے سپاہی شاہزیب شہید ہوا، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں، سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور علاقے میں دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ علاوہ ازیں صوبہ پنجاب میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے پولیس نے 4 دہشت گردوں کو گرفتارکرلیا، راجن پور کی تحصیل روجھان میں پولیس کی جانب سے عمل میں لائی گئی کامیاب کارروائی کے دوران دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا اور 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بارودی مواد برآمد کرلیا۔ڈی پی او نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر پولیس نے گوٹھ مزاری کے علاقہ میں ایک گھر پر کارروائی کی گئی اور وہاں موجود 4 دہشت گرد وں کو پولیس نے گرفتار کیا، دہشت گرد اہم مقامات پر دہشت گردی کا منصوبہ بنارہے تھے، گرفتار دہشت گردوں سے دو بارودی سرنگیں برآمد کرلی گئیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنا دیا۔

Next Post

جنوبی پنجاب میں 128صارفین کو بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا

Sun Nov 26 , 2023
ملتان(پی پی آئی) ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی (میپکو)کی ٹیموں نے جنوبی پنجاب میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کے دوران ایک روز میں مزید 128صارفین کو بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ میپکو ترجمان کے مطابق میپکو کی ریکوری ٹیم نے 78صارفین کے خلاف مقدمات درج کرائے جبکہ بجلی چوروں کو مجموعی طورپر 72لاکھ 70ہزار روپے جرمانہ عائد […]