ملک میں طوفانی بارشوں کا سپیل، بجلی گرنے کے واقعات میں 8 افراد جاں بحق

لاہور، خانپور، احمد پور شرقیہ(پی پی آئی) ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کا نیا سپیل شروع ہو گیا اور مختلف شہروں میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 8 افراد جان کی بازی ہار گئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق رحیم یارخان کی بستی کلواڑ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق ہوئے جبکہ ٹھل حسن میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ریسکیو ذرائع کا بتانا ہے کہ رحیم یار خان کی بستی کھوکھراں فیروزہ میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے میاں بیوی جاں بحق ہوئے۔ادھر بہاولپور کے علاقے خیرپور ڈاھا کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے خاتون جاں بحق ہوئی جبکہ علاقہ چک 113 میں 8 سال کا بچہ آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق ہوا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق لودھراں کے علاقے دھنوٹ میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے ایک خاتون جان کی بازی ہار گئی ہے۔ادھر بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں اور آندھی کا راج ہے، تیز ہواؤں کے باعث درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، پشین اور سوراب میں آسمانی بجلی گرنے سے 3 نوجوان موقع پر دم توڑ گئے۔متعلقہ اضلاع میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔دوسری جانب خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کی انٹری ہو گئی ہے، چترال میں بارش سے مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث2 گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں، پشاور میں بھی جم کر بادل برس پڑے ہیں۔

Latest from Blog