گوادر (پی پی آئی)گوادرمیں 7 افراد کو قتل کرنے کا مقدمہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے تھانہ میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا۔پی پی آئی کے مطابق ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے، جبکہ اب تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع گوادر میں نامعلوم مسلح افراد نے سربندر میں فش ہاربر جیٹی کے قریب رہائشی کوارٹر پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں سوئے ہوئے 7 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا تھا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) گوادر نے بتایا تھا کہ گوادر فش ہاربر جیٹی کے قریب رہائشی مکان پر حملہ رات 3 بجے کیا گیا، یہ واقعہ گوادر شہر سے 25 کلو میٹر دور پیش آیا۔جاں بحق و زخمی افرادکا تعلق پنجاب کے ضلع خانیوال سے تھا، جو سربندر میں حجام کی دکان میں کام کرتے تھے۔