کراچی(پی پی آئی)محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال کراچی میں مون سون کی معمول سے 100فیصد سے زائد بارشیں متوقع ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ نے متعلقہ محکموں کو خبردار کردیا، کہ رواں برس جولائی سے اگست تک100فیصد زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔پی ڈی ایم اے حکام نے شرکاکو بتایا کہ کراچی میں کْل198 نشیبی علاقے ہیں جس میں سے29 حساس ہیں، کمشنرکراچی نے شدیدبارشوں کے پیش نظراداروں کو ہنگامی پلان بنانے کی ہدایت کی، کہ کے ایم سی، کے ڈی اے، ٹی ایم سیز ودیگرادارے ایمرجنسی پلانز مرتب کرلیں، متعلقہ ادارے تیارنہ ہوئے توبڑا نقصان ہوسکتاہے۔دوسری جانب ملک کے بیشتر حصوں میں گرمی کی شدت برقرار ہے۔ موہنجو داڑو پہلی بار 51 ڈگری پر کھول اْٹھا۔ جیکب آباد میں درجہ حرارت نے نصف سنچری کرلی۔ روہڑی، لاڑکانہ، سکھر اور دادو میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ حیدرآباد، اور سوئی میں 47، ملتان اور بہاولپور 46 جبکہ فیصل آباد میں پارہ 45 ڈگری تک چلا گیا۔