اسلام آباد(پی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف نے او آئی سی ایڈوائزری کونسل تشکیل دے دی۔نوٹیفکیشن کے مطابق او آئی سی ایڈوائزی کونسل چھ ممبران پر مشتمل ہے، سجاد برکی کو سیکرٹری او آئی سی تعینات کیا گیا ہے، محمد اقبال، ناصر میر، غلام جیلانی اور ڈاکٹر ہمایوں مہمند بھی کونسل کا حصہ ہیں جبکہ کونسل میں سینٹرل سیکرٹری فنانس بھی شامل ہیں۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ ایڈوائزری کونسل 15 دن کے اندر رولز پر نظر ثانی کرے اور ترامیم کا مشورہ پیش کرے، کونسل دنیا بھر میں ہونے والے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کی نگرانی کرے گی۔نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ کونسل برطانیہ، آسٹریلیا اور امریکہ میں تین ماہ کے اندر الیکشن کروائے، پی ٹی آئی کونسل 30 دن کے اندر عالمی ممبرشپ اور فنڈنگ کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرے۔واضح رہے پی ٹی آئی کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری فردوس شمیم نقوی نے او آئی سی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیاہے۔