بجلی بلوں میں اضافے کیخلاف درخواست پر نیپرا سے جواب طلب

 لاہور(پی پی آئی)لاہور ہائیکورٹ نے 200 یونٹس سے زائد بجلی کے بلوں میں پروٹیکٹو اور نان پروٹیکٹو ٹیرف کی بنیاد پر بے پناہ اضافہ کے خلاف درخواست پر نیپرا سے جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس رسال حسن سید نے درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے،وکیل درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ بجلی چوری روکنے کے بجائے سارا خسارہ عام صارف پر ڈال دیا گیا، بجلی سپلائی کمپنیاں اووربلنگ میں بھی ملوث ہیں، عام صارف کیلئے 200 یونٹ سے زائد بل پر رعائت ختم کر دی گئی ہے۔پی پی آئی کے مطابق درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ 200 سے زائد یونٹس کے استعمال پر رعایت ختم کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، 200 سے زائد ایک بھی اضافی یونٹ کی قیمت سیکڑوں گنا بڑھانا اور چھ ماہ تک وصولی استحصال ہے۔۔جسٹس رسال حسن سید نے ریمارکس دیئے کہ کس بنیاد پر بجلی کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں عدالت کو آگاہ کیا جائے۔

Latest from Blog