لاہور (پی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے قائم مقام صدر حماد اظہر کا کہنا ہے کہ پورا پنجاب پاکستان کی آزادی کی خاطر ہر جگہ باہر نکلے گا، اڈیالہ جیل کی طرف لانگ مارچ اور دھرنا بھی ناگزیر ہے، پنجاب کی تمام قیادت، اراکین اسمبلی، ٹکٹ ہولڈر اور تنظیم اس حوالے سے تیار ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بانی چیرمین عمران خان کی طرف سے آج تازہ ہدایت 13 اگست کی رات کے لیے موصول ہوئی ہے اور اب میں بھی سمجھتا ہوں ہماری تحریک کو فیصلہ کن مراحل میں داخل کرنے کے لئے میرے سمیت سب کو نکلنا ہوگا، چاہے فسطائیت کی قوتیں گرفتار ہی کیوں نہ کر لیں، پنجاب میں عملی طور پر مارشل لاء لگا ہوا ہے، پارلیمان میں جعلی اراکین بیٹھ کر بے ہودہ قانون سازی کر رہے ہیں اور جمہوریت کا ہمیشہ کے لئے جنازہ نکالنے کو کوشش میں ہیں۔ میں دعوے سے کہتا ہوں جب ہم نکلیں گے تو یہ سب کا سب ریت کی دیوار ثابت ہوں گے۔