لاہور(پی پی آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے پاکستان کی معاشی ترقی میں زراعت کے اہم کردار پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ زرعی ترقی قومی ترقی اور خوشحالی کیلئے ضروری ہے۔وہ آج (اتوار) لاہور میں ہونے والی سولہویں بین الاقوامی خوراک، مہمان نوازی اور مشروبات کی صنعتی نمائش اورکانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے پاکستانی مصنوعات کو بین الاقوامی منڈی میں پیش کرنے میں اس نمائش کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انتظامیہ کے برآمدات بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا احسن اقبال نے پاکستانی مصنوعات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کی ضرورت پر زوردیا تاکہ پوری دنیا میں پاکستان میں تیار کردہ مصنوعات کو فروغ دیاجاسکے۔احسن اقبال نے ملکی ترقی کیلئے پالیسی میں تسلسل کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔