جنوبی وزیرستان/راولپنڈی(پی پی آئی) جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج یا دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں چار بہادر سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ چھ خوارج کو جہنم واصل کیا گیافوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)نے بدھ کے روز جاری کردہ بیان میں کہا، “12 اور 13 اگست 2024 ء کی رات سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان جنوبی وزیرستان کے ضلع میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جس کے نتیجے میں، اپنے جوانوں کی موثر کارروائی کے باعث چھ خوارج کو جہنم واصل کیا گیا۔”بیان میں مزید کہا گیا، “تاہم، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران، ہمارے چار بہادر سپوتوں؛ حوالدار نثار حسین (عمر: 34 سال، ضلع کرم کے رہائشی)، نائیک رشید گل (عمر: 34 سال، ضلع کرم کے رہائشی)، نائیک عرفان اللہ خان (عمر: 30 سال، ضلع لکی مروت کے رہائشی) اور سپاہی عثمان رفاقت (عمر: 21 سال، ضلع ہری پور کے رہائشی) نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔”علاقے میں مزید کسی بھی خوارج کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے”