راولپنڈی(پی پی آئی)پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لئے عدالت کا حکم نامہ لے کر آؤں گا۔ شیر افضل مروت نے اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے چپڑاسی کو بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت مل گئی۔ میں صبح سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا منتظر ہوں مجھے جانے نہیں دیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لئے عدالت کا حکم نامہ لے کر آؤں گا، میں بانی پی ٹی آئی سے مل کر اپنا موقف پیش کرنا چاہتا ہوں، پارٹی میں چند افراد نہیں چاہتے کہ میں بانی پی ٹی آئی سے ملوں، چند افراد نے میرے خلاف بانی پی ٹی آئی کے کان بھرے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں صرف میں احتجاج کے لئے لوگ نکال سکتا ہوں، میرے مخالفین جانتے ہیں کہ اگر میری ملاقات بانی پی ٹی آئی سے ہو گئی تو احتجاج کا لائحہ عمل بنا لوں گا۔ پی ٹی آئی کو 22 اگست کے جلسے کی اجازت نہ ملی تو میں جلسہ کروں گا۔