اسلام آباد (پی پی آئی)صدرآصف علی زرداری نے تمام پاکستانیوں خصوصاً نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ مون سون شجرکاری مہم دوہزار چوبیس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ملک میں جنگلات کا رقبہ بڑھانے کے قومی مقصد کو پورا کیا جا سکے۔موسم برسات کی شجرکاری مہم دوہزار چوبیس پر ایک پیغام میں انہوں نے تمام پاکستانیوں کا ماحول کے تحفظ کیلئے ان کی غیرمتزلزل لگن پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔صدر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اس وقت پاکستان کے کل رقبے کا صرف تقریباً پانچ فیصد علاقہ جنگلات پر مشتمل ہے جو کہ لکڑی کی بڑھتی ہوئی طلب اور زمین کے دیگر استعمال کی وجہ سے شدید دباؤ کاشکار ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال موسم برسات میں شجرکاری مہم کے ذریعے ہمارے پاس اپنے ماحول پر دیرپا اثر ڈالنے اور اپنی نوجوان نسل کیلئے ایک سرسبز اور صحت مند مستقبل محفوظ بنانے کا موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیلٹا بلیو کاربن اقدام کے تحت پاکستان نے 1990ء سے مینگروو کی تعداد میں تین سو فیصد اضافہ کرتے ہوئے کامیابی سے مینگرووز کی بحالی کا کام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بحالی کا ایک اور اقدام لیونگ انڈس پروگرام ہے جس میں ایسے اجزاء شامل ہیں جن کا مقصد جنگلات کی کٹائی کو روکنا ہے۔ اس پروگرام کو اقوام متحدہ کی بحالی کی دہائی کا فلیگ شپ ایوارڈ بھی ملا ہے۔