اسلام آباد(پی پی آئی) ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپس کے لیے قائم گلوبل عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر آئینی پٹیشن نمبر 3139/2015 کی سماعت جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کی عدالت میں 26 اگست کو ہوگی۔ واضح رہے کہ آخری سماعت 5 جولائی کو ہوئی تھی جس کے بعد معزز عدالت نے جو آرڈر شیٹ جاری کی تھی اس میں کہا تھا کہ ”عدالت اب حکومت کی طرف سے کوئی ٹھوس فیصلہ دیکھنا چاہتی ہے، جس کے لیے اسے 4 ہفتے کی مہلت دی جا رہی ہے۔پی پی آئی کے مطابق عافیہ موومنٹ کے ترجمان محمد ایوب نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کے وکیل کلائیو اسمتھ کئی بار کہہ چکے ہیں کہ عافیہ کی رہائی کی چابی اسلام آباد میں رکھی ہوئی ہے۔