اسلام آباد (پی پی آئی)وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ ملک بھر کے جی ٹی روڈ پر زائد وزن پر پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مشترکہ محکمہ جاتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں محکموں کی جانب سے مربوط پالیسیوں پر عملدرآمد کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے بڑی گاڑیوں کیلئے جی ٹی روڈ پر وزن مراکز قائم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ تیز رفتاری، بیلٹ نہ باندھنے اور دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے سمیت خلاف ورزیوں پر ای چالان پر عملدرآمد کیا جائے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر کیمروں کے ذریعے نگرانی سے حادثات کم کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ، کھاریاں، اسلام آباد موٹروے کو دوطرفہ اور چھ رویہ کے ساتھ تعمیر کیا جائے اور یہ منصوبہ مقررہ وقت میں مکمل ہونا چاہئے۔