کراچی(پی پی آئی)سندھ میں حالیہ بارشوں سے کاشتکاروں کو 86 ارب 86 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ محکمہ زراعت سندھ نے بارشوں سے فصلوں کو ہونے والے نقصانات کے ابتدائی اعداد و شمار جاری کر دیے۔ پی پی آئی کے مطابق محکمہ زراعت کا کہنا ہے کہ صوبے میں حالیہ بارشوں سے 5 لاکھ 41 ہزار 351 ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئی ہیں، جس سے کاشتکاروں کو 86 ارب 86 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق 2 لاکھ 93 ہزار 580 ایکڑ اراضی پر کھڑی کپاس کی فصل کو نقصان پہنچا، 35 ہزار 271 ایکڑ اراضی پر کھڑی چاول کی فصل کو مکمل اور 2 لاکھ 69 ہزار 16 ایکڑ اراضی پر کھڑی فصل کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔53 ہزار 195 ایکڑ اراضی پر کھڑی کھجور کی فصل کو مکمل اور 32 ہزار 849 ایکڑ اراضی پر کھڑی فصل کو جزوی نقصان پہنچا ہے، جبکہ 26 ہزار 382 ایکڑ اراضی پر کھڑی گنے کی فصل کو مکمل اور 69 ہزار 689 ایکڑ پر کھڑی فصل کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔