راولپنڈی(پی پی آئی)پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ ہم ووٹ کی طاقت سے آگے بڑھیں گے ڈیل نہیں کریں گے، 16 جماعتوں کو حکومت دینے کا نظام آگے نہیں بڑھے گا۔ پی پی آئی کے مطابق اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی قوم کی خاطر جیل میں ہیں، وہ قوم کی خاطر لڑتے رہیں گے، عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ یزیدیت کے سامنے ڈٹے رہیں گے، خان نے کہا ہے کہ سنگجانی کے جلسے میں پہنچیں، کوئی نہ سمجھے کہ اس جلسے کو روکا جا سکے گا، 16 جماعتوں کو حکومت دینے کا نظام آگے نہیں بڑھے گا،انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں آج تک فئیر الیکشن نہیں ہوا، سندھ میں بھی لوگوں سے زمین کھیینچی جارہی ہے، پاکستان کے عوام پر ہونیوالے ظلم کے خلاف لڑیں گے۔